حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ فاطمیہ آرگنائزیشن (AFO) کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
تعزیت و خراجِ عقیدت
احیائے ایامِ فاطمیہ کے عظیم علمبردار
حضرت آیت اللّٰہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللّٰہ تعالیٰ علیہ
بارگاہِ اقدس حضرت خاتم النبیین محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم، امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام، سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰہ علیہا، تمام ائمہ معصومین علیہم السلام اور بالخصوص حضرت بقیۃ اللّٰہ الاعظم، امامِ زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللّٰہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمتِ اقدس میں عالمِ ربانی، فقیہِ اہلِ بیت، مرجعِ عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی رحلتِ پُرملال پر ہدیۂ تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
دنیائے تشیع کی تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی علمی، دینی اور فکری خدمات کسی ایک زمانے یا خطے تک محدود نہیں رہتیں، بلکہ ان کے افکار و خدمات آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن جاتے ہیں۔ حضرت آیت اللّٰہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللّٰہ تعالیٰ علیہ بھی انہی عظیم شخصیات میں سے ایک تھے۔
آپ کی پوری زندگی علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی تحصیل، تحقیق، تدریس، ترویجِ معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام، دفاعِ ولایت، تربیتِ علماء اور خدمتِ دین سے عبارت تھی۔ آپ کی دینی و علمی زندگی کا ایک نہایت نمایاں اور قابلِ قدر پہلو سیدۂ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰہ علیہا کی عظمت، مظلومیت اور مصائب کے تذکرے کو زندہ رکھنے اور ایامِ فاطمیہ کے احیاء و فروغ کے لیے آپ کی خصوصی توجہ اور جدوجہد تھی۔
آپ نے ایامِ فاطمیہ کو محض چند روزہ سوگواری تک محدود رکھنے کے بجائے اسے معرفتِ سیدۂ کائنات، شعورِ ولایت، دفاعِ حق اور تجدیدِ عہدِ اہلِ بیت علیہم السلام کا ایک مؤثر دینی و اجتماعی مظہر بنانے کی دعوت دی۔
آپ کی خدمات کے نمایاں پہلو درج ذیل ہیں:
۱۔ احیائے شعائرِ فاطمیہ: ایامِ فاطمیہ کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور عزائے صدیقۂ کبریٰ سلام اللّٰہ علیہا کے احیاء و تحفظ پر خصوصی تاکید۔
۲۔ فروغِ مجالسِ عزاء: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰہ علیہا کے فضائل، مصائب، مظلومیت اور مقام و منزلت کو عام کرنے کے لیے مجالسِ عزاء کے انعقاد کی ترغیب۔
۳۔ عزائی اجتماعات و جلوس: ایامِ فاطمیہ میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے انعقاد کی حوصلہ افزائی، تاکہ مظلومیتِ زہراؑ کا پیغام معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچے۔
۴۔ معرفتِ حضرت زہراؑ کا فروغ: سیرتِ طاہرہ، مقام و منزلت، خطبۂ فدکیہ اور تعلیماتِ سیدۂ کائنات کو علمی و فکری مجالس کا موضوع بنانے کی تاکید۔
۵۔ نسلِ نو کی فاطمی تربیت: نوجوانوں اور آئندہ نسلوں میں محبتِ زہراؑ، معرفتِ اہلِ بیت علیہم السلام اور شعائرِ فاطمیہ کے تحفظ کا شعور بیدار کرنے کی دعوت۔
۶۔ عالمی ترویجِ عزائے فاطمی: ایامِ فاطمیہ کو وسیع تر دینی و اجتماعی شناخت دینے اور مختلف طبقات کو اس مشن سے وابستہ کرنے کی جدوجہد۔
۷۔ خدمتِ خلق اور اطعام: دینی شعائر کے ساتھ ساتھ مستحقین، غرباء، مساکین اور یتیموں کی کفالت و خدمت کو بھی دینی ذمہ داریوں کا اہم حصہ قرار دینا۔
بلاشبہ ایامِ فاطمیہ کی تاریخی بنیادیں آپ سے پہلے بھی موجود تھیں، لیکن عصرِ حاضر میں ان کے احیاء، وسعت، تنظیم اور ترویج کے حوالے سے حضرت آیت اللّٰہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللّٰہ تعالیٰ علیہ کی خدمات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔
آپ کی شخصیت کو عصرِ حاضر میں احیائے ایامِ فاطمیہ کے عظیم علمبردار اور اس مشن کے بانیانہ کردار کی حامل شخصیات میں شمار کرنا بجا ہوگا۔ آپ کی اس عظیم دینی خدمت کا ایک اہم ترین پہلو یہ ہے کہ آپ نے عزائے صدیقۂ کبریٰ سلام اللّٰہ علیہا کو اپنی علمی و دینی توجہ کا خصوصی مرکز بنایا۔
یہ سانحہ صرف ایک عظیم عالمِ دین اور مرجعِ تقلید کی جدائی نہیں، بلکہ عالمِ تشیع کے علمی، دینی اور عزائی حلقوں کے لیے ایک گراں قدر شخصیت کی رحلت کا ناقابلِ تلافی صدمہ ہے۔
ہم حضرت آیت اللّٰہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللّٰہ تعالیٰ علیہ کی علمی، دینی اور بالخصوص فاطمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ایامِ فاطمیہ کے احیاء، تحفظ، ترویج اور فروغ کے اس عظیم مشن کو اپنی استطاعت کے مطابق جاری رکھیں گے۔
بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہیں کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو ذخیرۂ آخرت قرار دے، ان کے پسماندگان، طلاب، عقیدت مندوں اور تمام مومنین کو صبرِ جمیل و اجرِ عظیم عطا فرمائے۔
اے پروردگار! ہمیں بھی شعائرِ فاطمیہ کے احیاء، تحفظ اور ترویج کے لیے اخلاص کے ساتھ خدمت کرنے کی توفیق عطا فرما اور ہمیں اس عظیم مشن سے وابستہ رہنے کی سعادت نصیب فرما۔
سلام ہو اس عالمِ دین پر جس نے علومِ آلِ محمد علیہم السلام کی خدمت میں اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔
سلام ہو اس خدمت پر جو مظلومیتِ زہراؑ کو نسل در نسل زندہ رکھے۔
سلام ہو ان تمام محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام پر جو عزائے فاطمی کے چراغ کو روشن رکھیں گے۔
منجانب: ایامِ فاطمیہ آرگنائزیشن (AFO)










آپ کا تبصرہ